رات کے کھانے کے بعد اکثر کچھ نہ کچھ ہلکا پھلکا کھانے کا دل چاہتا ہے تو ایسے میں کچھ پھل ایسے ہیں جنہیں کھانا صحت کے لیے بہترین ثابت ہو سکتا ہے۔
رات کے وقت جن پھلوں کو کھانا صحت کے لیے مفید ہے ان میں پپیتا بھی شامل ہے جو ناصرف تازگی بخش ہے بلکہ انسان کے جسم کو رات کے وقت جن غذائی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے ان سے بھرپور ہوتا ہے۔
رات کو پپیتا کھانے کے فوائد
2023ء کی ایک تحقیق کے مطابق پپیتے میں پاپین نامی ایک انزائم ہوتا ہے جو پروٹین کو مؤثر طریقے سے توڑنے میں مدد کرتا ہے، اس لیے رات کے وقت کھانے کے بعد پپیتا کھانا بہت مفید ہے یا خاص طور پر اگر پیٹ میں تکلیف کا سامنا ہو۔
پپیتے میں1.7 گرام فی 100 گرام کے حساب سے فائبر پایا جاتا ہے جو قبض جیسے مسئلے سے محفوظ رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ، یو ایس اے ڈی کے مطابق 152 گرام پپیتے میں صرف 68 کیلوریز ہوتی ہیں جس کی وجہ سے یہ کم کیلوریز والے پھلوں میں شامل ہوتا ہے اور وزن کم کرنے والے افراد کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے۔
پپیتا کھانے کے درمیان یا رات کے کھانے کے متبادل کے طور پر ایک بہترین انتخاب ہے کیونکہ اس میں فائبر اور پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو جسم کو ڈیٹاکسفائی کرنے اور بھوک کے احساس کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔
رات کو پپیتا کھانے کا بہترین طریقہ
ہاضمے اور وزن میں کمی کے لیے رات کو پپیتے کے استعمال کے لیے درج ذیل تجاویز معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
1- رات کے کھانے کے تقریباً 30 سے 60 منٹ بعد ایک کپ تازہ کٹا ہوا پپیتا لیں۔
2- سادہ کٹے ہوئے پپیتے کے ساتھ چینی یا کریم شامل کرنے سے گریز کریں۔
3- اضافی غذائیت کے لیے پپیتے کے ساتھ چند بھیگے ہوئے بادام یا اخروٹ شامل کیے جا سکتے ہیں۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔