ابوظبی (نمائندہ خصوصی) آئی سی سی وویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے 15رکنی پاکستانی ٹیم فاطمہ ثنا کی قیادت میں منگل کو کولمبو روانہ ہوگئی۔ کپتان کا کہنا ہے کہ تیاری اچھی اور کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے ۔ ورلڈکپ بڑا چیلنج ہے لیکن ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کیلئے پرعزم ہیں۔ ورلڈکپ کے سب میچ ہی پریشر والے میچ ہوتے ہیں، کوشش ہوگی آغاز اچھا کریں تاکہ ورلڈکپ میں اچھا مومینٹم پکڑیں۔ جنوبی افریقاکے خلاف سیریز کی شکست سمیت ماضی کی تمام چیزیں بھول کر ورلڈکپ میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہیڈ کوچ محمد وسیم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا سیریز میں وہ رزلٹ نہیں آئے جو چاہتے تھے لیکن ٹیم میں کافی بہتری نظر آئی۔ سدرا امین نے کہا کہ ہمارے پاس پاور ہٹرز کی کمی نہیں ہے ۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ون ڈے سیریز ویمنز کرکٹرز اور کوچز سے ملاقات کرکے اور کارکردگی کو سراہا تھا۔ انہوں نے مسلسل 2 سنچریاں اسکور کرنے پر سدرہ امین کے لئے 20 لاکھ جبکہ تمام خواتین کھلاڑیوں کو 10لاکھ فی کس انعام کا اعلان کیا ۔ محسن نقوی نے ورلڈ کپ کے حوالے سے ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی دباؤ کے بے خوف ہو کر کھیلیں ۔