کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس نے بطور صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی کی نامزدگی کو درست قرار دے دیا تاہم قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی نے ہاکی فیڈریشن کو فوری الیکشن کرانے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس کنوینر شیخ آفتاب کی زیر صدارت ہوا ۔ اس دوران پی ایچ ایف کے صدر نے دو ماہ میں نئے انتخابات کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم نے طارق بگٹی کو انتخابات اور آڈٹ کرانے کا مینڈیٹ دیا تھا تاہم ہاکی فیڈریشن نے تاحال کانگریس، ایسوسی ایشنز اور کلبوں کا ڈیٹا فراہم نہیں کیا۔ کمیٹی نے طارق بگٹی کو تمام ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔