• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی فخر کو آؤٹ دینے والے امپائر کیخلاف آئی سی سی کو شکایت

دبئی (نمائندہ خصوصی) دبئی میں ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے فخر زمان کے آئوٹ ہونے پر آئی سی سی سے ٹی وی امپائر روچیراکی باضابطہ شکایت کردی ہے اور آئی سی سی کے پروٹوکول کے مطابق منیجر کی جانب سے ای میل کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق میچ کے بعد منیجر نوید اکرم چیمہ نے اپنے تحفظات سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو آگاہ کیا لیکن چوںکہ یہ آئی سی سی امپائرز منیجر کا استحقاق ہے اس لئے انہیں بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ میچ کے بعد کپتان کی رپورٹ میں بھی پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے متنازع فیصلے کو ہائی لائٹ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اہم ترین میچ میں غیر معروف اور نا تجربہ کار ٹی وی امپائر کا تقرر کیا گیا۔ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے روچیرانے فخر زمان کومتنازع انداز میں کاٹ بی ہائینڈ قرار دیا تھا ۔ فیصلے سے میچ میں پاکستانی ٹیم کی پوزیشن متاثر ہوئی۔ اس وقت پاکستان کا اسکور21رنز تھا واپس جاکرڈریسنگ روم میں فخر زمان اور ہیڈ کوچ نے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر کئی سابق کرکٹرز نے فیصلے کو غلط قرار دیا تھا۔ سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ امپائر نے شک کا فائدہ بولر کو دیا اور مزید زاویوں سے چیک نہیں کیا حالانکہ امپائر کے پاس چیک کرنے کی سہولت موجود تھی ۔

اسپورٹس سے مزید