• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نشرہ کی تباہ کن بولنگ، پاکستان کے ہاتھوں جنوبی افریقا کو شکست

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان ویمنز نے جنوبی افریقہ ویمنز کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں 6وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس میچ کی خاص بات نشرہ سندھو کی کیریئر بیسٹ چھ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔ سدرہ امین نے شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔ تین میچوں کی یہ سیریز جنوبی افریقہ نے دو ایک سے اپنے نام کی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پیر کو ٹاس جنوبی افریقا ویمنز نے جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن لیفٹ آرم اسپنر نشرہ سندھو کی شاندار بولنگ کے سبب 25.5صرف 115رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ کپتان لارا وولوارٹ 6چوکوں کی مدد سے 28 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ پاکستان نے ہدف 31 اوورز میں چار وکٹ پر پورا کرلیا۔ نشرہ سندھو نے ون ڈے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 9 اوورز میں صرف26 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں ۔ اس سے قبل ان کی بہترین انفرادی بولنگ 26 رنز کے عوض4 وکٹیں 2017 میں بھارت کے خلاف ڈربی میں تھی ۔ سیدہ عروب شاہ نے دو، عمیمہ سہیل اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی عمیمہ سہیل صفر پر آؤٹ ہوئیں، منیبہ علی اور سدرہ امین نے 65رنز کی شراکت قائم کی۔ منیبہ علی 6 چوکوں کی مدد سے 44رنز بناکر نادین ڈی کلیرک کی گیند پر آؤٹ ہوئیں انہوں نے اسی اوور میں کپتان فاطمہ ثنا کو بھی صفر پر آؤٹ کردیا۔ نتالیہ پرویز14 رنز بناکرسکیں۔ سدرہ امین نے 8 چوکوں کی مدد سے 50 رنز ناٹ آئوٹ بنائے ۔ اس سیریز میں انہوں نے دو سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے293 رنز بنائے۔ ایمان فاطمہ 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

اسپورٹس سے مزید