دبئی (عبدالماجد بھٹی) ایشیا کپ کرکٹ میں پاکستان اور بھارتی کرکٹرز کے درمیان ہینڈ شیک تنازع اور گراؤنڈ میں گرما گرمی کے بعد شروع ہونے والے معاملات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے ۔ اب دونوں کرکٹ بورڈز ایک دوسرے کی شکایت لے کر آئی سی سی کے پاس پہنچ گئے۔ پی سی بی نے سوریا کمار یادیو جبکہ بی سی سی آئی نے صاحبزادہ فرحان اور حارث رؤف کے خلاف شکایات درج کرائیں۔ یہ کیس بھارتی نواز آئی سی سی کیلئے خود کو کھیل کے مفادات کی نگرانی کرنے والے عالمی باڈی ثابت کرنے کیلئے چیلنج بن گئے ۔ کرکٹ میدان میں سیاسی بیان سوریا کمار کے گلے پڑگئے، ان کی سرزنش کرکے مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔ آئی سی سی اس بارے میں اگلے24 گھنٹے میں کارروائی کا اعلان کرے گا۔ بھارتی کپتان کوجرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹ ملنے کا امکان ہے۔ میچ ریفری رچی رچرڈسن نے جمعرات کو دبئی ہوٹل میں معاملے کی سماعت کی۔ سوریا کمار نے پریس کانفرنس میں پہلگام واقعے کا ذکر کرتے ہوئے آپریشن سیندور کا تذکرہ کیا تھا۔ سوریا کمار یادیو کے خلاف باضابطہ کارروائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں جس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوریا کمار یادیو کو بچانے کیلئے بھارتی بورڈ کے سی ای او ہیمنگ امین ، کرکٹ آپریشنز منیجر ملا پار کر سماعت میں موجود تھے۔ جمعرات کو دبئی میں رچی رچرڈسن نے سوریا کمار کو ان کی ویڈیوز کی ریکارڈنگ دکھائی جس کے بعد انہوں نے غلطی کا اعتراف کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں مستقبل میں سیاسی بیان نہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جمعرات کو سوریا کمار یادیو کی آئی سی سی حکام کے سامنے سماعت ہوئی، پاکستانی کھلاڑی حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان جمعے کو پیش ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکایت پر آئی سی سی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے بھارتی کپتان کے خلاف کارروائی کیلئے سماعت کی۔ پاکستان کی جانب سے جمع کرائے گئے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کارروائی کی سفارش بھی کی گئی تھی۔ دبئی میں پاکستان کے خلاف گروپ میچ کے بعد سوریا کمار یادیو نے پریس کانفرنس اور ٹی وی انٹر ویو میں سیاسی معاملات پر بات کی تھی، اس معاملے کا جائزہ آئی سی سی حکام لے رہے ہیں ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس متعلق ای میل میں میچ ریفری رچی رچرڈسن نے واضح کیا ہے کہ سوریا کمار نے کھیل کے مفاد کے خلاف غیر مناسب ریمارکس دیے جس سے لگتا ہے کہ کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی پاکستان کی شکایت کا جائزہ لے رہا ہے اور جلد اس کی باضابطہ سماعت ہوگی ، پاکستان کی جانب سے 2 آفیشل رپورٹس ملی ہیں۔ دوسری جانب بی سی سی آئی نے بھی حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کے خلاف بذریعہ ای میل باضابطہ شکایت درج کرادی ہے۔ جس میں سپر فور میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کے اشاروں پر اعتراض اٹھایا گیا۔ میچ میں اوپننگ جوڑی ابھیشیک شرما اور شبمن گل نے شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے ساتھ تلخ کلامی کی، تاہم، شکایت میں خاص طور پر حارث رؤف اور صاحب زادہ فرحان کا نام لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ای میل میں کہا گیا ہے کہ صاحبزادہ فرحان اور حارث رؤف نے گراؤنڈ میں اشتعال انگیز اشارے کیے، حارث رؤف نے تماشائیوں کے’’ کوہلی کوہلی‘‘ کی آوازیں لگانے پر جیٹ کریش کے اشارے کیے اور 6 صفر کا نشان بنایا جب کہ صاحبزادہ فرحان نے 50 رنز مکمل ہونے پر گن فائر سیلی بریشن کی، گراؤنڈ میں یہ رویہ اسپرٹ آف دی گیم کے خلاف ہے، لہٰذا کھلاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے۔ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ویڈیو ثبوت بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اگر کھلاڑی تحریری طور پر الزامات کی تردید کرتے ہیں تو میچ ریفری رچی رچرڈسن کی سربراہی میں سماعت ہوسکتی ہے۔