کیف (جنگ نیوز) روس نے اتوار کو یوکرین کے دارالحکومت کیف اور دیگر علاقوں پر سینکڑوں ڈرونز اور میزائل داغے، جس میں کم از کم چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ یوکرینی فوج کے مطابق 595ڈرونز اور 48میزائل داغے گئے جن میں سے 568ڈرونز اور 43میزائل دفاعی نظام نے مار گرائے۔ یہ حملہ 12گھنٹے سے زائد جاری رہا اور اس دوران ہسپتال، فیکٹریاں اور رہائشی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔ صدر زیلینسکی نے مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے روس کی توانائی آمدنی پر مزید پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا۔ روسی وزارت دفاع نے کہا کہ حملے کا ہدف فوجی تنصیبات تھیں، تاہم مقامی آبادی اور رہائشی علاقے بھی شدید متاثر ہوئے۔ یوکرینی صدر نے کہا کہ امریکہ، یورپ اور جی 7 ممالک کو فوری اور سخت اقدام کرنا چاہیے۔ ادھر پولینڈ نے خطرے کے پیش نظر اپنے فضائی حدود عارضی طور پر بند کر کے لڑاکا طیارے الرٹ پر رکھے۔ کیف کے مضافات میں درجنوں نئے گھروں اور گاڑیوں کو ملبے تلے دبے دیکھا گیا جبکہ مقامی لوگ میٹرو اسٹیشنوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔ یوکرینی حکام کے مطابق زخمیوں میں بچوں سمیت کئی عام شہری شامل ہیں اور ہلاک شدگان میں ایک 12 سالہ بچی بھی ہے۔