لاہور (اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے ہنگری کے سفیر زولٹن ورگا نے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے دفتر میں ملاقات کی جبکہ اس موقع پر انکے ہمراہ ڈورا گنسبرگر اور غلام دستگیر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پنجاب اور ہنگری کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، ثقافتی تعاون، تعلیم، سیاحت اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ شامل ہیں ۔ہنگری کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے عالمی تعاون کے فروغ میں ہنگری کے کردار کو سراہا اور پنجاب حکومت کے وژن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب صوبے میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہنگری کے سفیر زولٹن ورگا نے کہا کہ ہنگری تعلیمی تبادلوں، ثقافتی سفارتکاری اور عوامی روابط کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔