لاہور(جنرل رپورٹر)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے بورڈ آف اسٹڈیز الائیڈ ہیلتھ سائنسز کا 35واں اجلاس گزشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں کنوینر بورڈ ڈاکٹر صبا خالق، الحاق شدہ اداروں کے پرنسپلز، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم اور رجسٹرار کرن فاطمہ شریک ہوئیں اجلاس میں ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی اور بی ایس الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے سالانہ امتحانات 2025ء کا کیلنڈر منظور کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ الحاق شدہ کالجوں میں بی ایس الائیڈ ہیلتھ سائنسز فرسٹ اور سکینڈ پروفیشنل امتحانات فروری 2026ء کے تیسرے ہفتے سے، تھرڈ پروفیشنل مارچ کے تیسرے ہفتے اور فورتھ پروفیشنل اپریل کے تیسرے ہفتے سے ہوں گے۔ اسی طرح ڈی پی ٹی کے پہلے، دوسرے اور تیسرے پروفیشنل امتحانات فروری 2026ء کے تیسرے ہفتے میں، چوتھے پروفیشنل مارچ کے آخری ہفتے اور فائنل پروفیشنل اپریل کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے ۔ مزید برآں بی ایس الائیڈ ہیلتھ سائنسز خزاں 2025ء کی کلاسز 16 اکتوبر سے شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی انڈر گریجویٹ پروگرام میں طلبہ کی تعداد دس سے کم ہونے کی صورت میں کلاسز شروع نہیں کی جائیں گی۔