لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزندوں کی لازوال قربانی کبھی فراموش نہیں کریگی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ شہید کانسٹیبل ضیاء اختر کے اہلخانہ کو 01 کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا گیا۔ شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق خوشاب کے علاقہ جوہر آباد میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ کانسٹیبل ضیاء اختر نے رواں سال تھانہ قائد آباد کی حدود میں خطرناک ڈکیت و منشیات فروش گینگ سے مقابلے کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل ضیاء اختر کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل ضیاء اختر نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ پنجاب پولیس شہید کانسٹیبل ضیاء اختر جیسے 1700 سے زائد شہداء کی امین فورس ہے۔