• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی الیکشن کا شیڈول نہ دیا تو 12 اکتوبر کو بڑا فیصلہ کرینگے، کونسلرز اتحاد

ملتان (سٹاف رپورٹر ) کونسلرز اتحاد ضلع ملتان کا اجلاس حاجی محمد یوسف انصاری کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مہمان خصوصی اشتیاق حسین بخاری تھے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد یوسف نے کہا کہ کون سی ایسی مجبوری ہے کہ حکومت بلدیاتی الیکشن کا شیڈول نہیں دے رہی؟ اس کا جواب صرف وزیراعلیٰ پنجاب ہی دے سکتی ہیں،انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں بیٹھے زیادہ تر لوگ بلدیات کے پلیٹ فارم سے آگے آئے ہیں، مگر آج بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات ہو چکے ہیں، مگر پنجاب میں تاحال شیڈول جاری نہیں کیا گیا، انہوں نے واضح کیا کہ کونسلرز اتحاد12 اکتوبر کو ایک اہم فیصلہ کرے گا کہ آیا ہم احتجاج کی طرف جائیں گے یا عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو نچلی سطح پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے بلدیاتی ادارے ناگزیر ہیں۔ اس موقع پر پاک فوج، واسا، پولیس، انتظامیہ اور دیگر اداروں کی شب و روز محنت اور بروقت اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا گیا،اجلاس میں ڈاکٹر اکرم شاد، محمد علی،بلال آہیر، غلام علی جمالی، محمد علی قریشی، حافظ نذر روانی، احسان علی قریشی، محمد طلحہ یوسف، مختار حسین، اشفاق محمود خان، عابد سہو، محمد امین بابر و دیگر شریک تھے۔
ملتان سے مزید