• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا سے سیریز کیلئے پانچ اسپنرز پاکستانی اسکواڈ میں شامل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے عالمی ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقا کو ہوم گرائونڈز پر اپنے آزمودہ طریقے، اسپن سے زیر کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ اس کے پیش نظر قومی سلیکشن کمیٹی نے ابرار احمد، نعمان علی ، ساجد خان کے ساتھ آصف آفریدی اور فیصل اکرم کو شامل کرکے ہوم سیریز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ۔ توقعات کے عین مطابق بابر اعظم ، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کی واپسی ہوئی ہے۔ تین نئے کھلاڑیوں آصف آفریدی، فیصل اکرم اور روحیل نذیر کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ شان مسعود قیادت جاری رکھیں گے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اوردوسرا 20 سے 24 اکتوبر راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کی تیاری کیلئے کیمپ 30 ستمبر سے 8 اکتوبر تک لاہور میں جاری رہے گا۔ پہلے ٹیسٹ سے قبل اسکواڈ مزید مختصر کیا جائے گا۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اس سال کے شروع میں آخری ٹیسٹ کھیلا تھا ۔ ایشیا کپ کھیلنے والے سلمان علی آغا، ابرار احمد، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ کیمپ 4 اکتوبر کو جوائن کریں گے۔ منتخب کھلاڑیوں میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ شفیق، امام الحق، سلمان علی آغا ، سعود شکیل ،عامر جمال، حسن علی، خرّم شہزاد، نعمان علی، ساجد خان، کامران غلام اور ابرار احمد شامل ہیں۔ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے ہوم ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کا لاہور میں آغاز کردیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے سرکل کا حصہ ہے۔ شان مسعود کی کپتانی میں پاکستان ٹیم گذشتہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں 9ٹیموں میں آخری پوزیشن پر رہی تھی۔

اسپورٹس سے مزید