کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے دسمبر میں بھارت میں شیڈول جونیئر ورلڈ کپ میں اپنے کھلاڑیوں کو درپیش سیکیورٹی خدشات اور دیگر معاملات پر بذریعہ ای میل اپنی تشویش سے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو آگاہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق فیڈریشن نے اپنے میچز بنگلہ دیش کا کسی اور نیوٹرل مقام پر رکھنے کی تجویز دی ہے اور واضح کیا ہے کہ ایسا نہ ہونے پر ایونٹ میں شرکت ممکن نہیں ہوگی۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سیاسی کشیدگی کے باعث بھارت میں پاکستان کو جونیئر کھلاڑیوں کو سیکیورٹی کے حوالے سے بہت زیادہ خطرات ہیں۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارتی کھلاڑیوں کے پاکستانی پلیئرز کے ساتھ نامناسب رویے نے صورت حال مزید گھمبیر بنادی ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت میں پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز زکو جان کے خطرات لاحق ہیں جس کی وجہ سے کھلاڑی اور آفیشلز کے علاوہ ان کے اہل خانہ بھی پریشانی میں مبتلاء ہیں۔ اس خط کی روشنی میں ایف آئی ایچ بھارت سے مشاورت کر کے پاکستان کو صورت حال سے آگاہ کرے گی۔