• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ ٹرافی چاہئے، دفتر آکر لے جائیں، محسن نقوی، بھارت کے مطالبے پر واضح جواب

کراچی (عبدالماجد بھٹی) ایشیا کپ ٹرافی کا معاملہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھی حل نہ ہوسکا۔ اے سی سی اور پی سی بی چیف محسن نقوی نے بھارتی بورڈ سے کہا ہے کہ وہ دبئی میں اے سی سی ہیڈ آفس آکر مجھ سے ٹرافی لے جائیں۔ منگل کو دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس محسن نقوی کی صدارت میں ہوا جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے قائم مقام سربراہ راجیو شکلا نے محسن نقوی سے ٹرافی مانگ لی۔ اس پر محسن نقوی نے جواب دیا کہ ہم ٹرافی دینا چاہتے تھے لیکن آپ کے کپتان نے انکار کردیا۔ بھارتی وفد اے سی سی اجلاس میں ویڈیو لنک پر شریک ہوا۔ اس موقع پر راجیو شکلا اور آشیش شیلربھارتی نمائندے تھے۔ ذرائع کے مطابق دیگر اراکین نے بی سی سی آئی کے حکام کو صبر و تحمل کا مشورہ دیا تاہم بھارتی وفد اجلاس چھوڑ کر چلا گیا اور اپنا ڈیجیٹل رابطہ بھی ختم کردیا۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ ٹرافی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھی، تاہم انہوں نے اپنا مؤقف دہرایا کہ بھارتی ٹیم کو دبئی آکر ٹرافی وصول کرنے کی کھلی دعوت ہے۔ ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارتی کرکٹ بورڈ پر واضح کیا کہ ایشیا کپ ٹرافی سے متعلق گفتگو اے سی سی میٹنگ کے ایجنڈے میں شامل نہیں، اگر بھارت کو ٹرافی اور میڈل چاہیں تو وہ اے سی سی کے آفس آئیں۔ راجیو شکلا نے ٹرافی لینے کے لیے محسن نقوی سے اصرار کیا۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود بھارتی کرکٹ ٹیم مودی سرکار کی ایما پرٹرافی وصول نہ کرنے پر ناصرف دنیائے کرکٹ بلکہ بھارت میں بھی رسوا ہو رہی ہے اور اس پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکارکردیا تھا جس کے بعد ٹرافی کو اے سی سی ہیڈ کوارٹر میں رکھ دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کرکٹ بورڈ کے علاوہ پی سی بی کے ممبران ٹرافی کا حل تلاش کرنے کے لیے ان کے درمیان باضابطہ میٹنگ کریں گے، جس کے بارے میں بی سی سی آئی پہلے ہی آئی سی سی کی سطح پر بڑھنے کا عزم کر چکا ہے۔ انہیں کہا گیا ہے کہ وہ میٹنگ آف لائن منعقد کریں۔ اایشیا کپ 2027 میں بنگلہ دیش میں ون ڈے فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا ۔

اسپورٹس سے مزید