کراچی (اسد ابن حسن) پاکستان ریلویز نے اپنے مالی معاملات کو سدھارنے کے لئے اپنی ملکیت نئی تعمیر شدہ دکانیں، نئی پارکنگ کی جگہیں، کئی گودام، زرعی اراضی اور شادی ہال مارکیز کو تین سے دس برس کے لئے کرائے پر نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مذکورہ تمام اراضی کراچی اور حیدرآباد میں واقع ہے۔ جن دکانوں کو کرائے پر نیلام کیا جائے گا ان کی تعداد 155 ہے۔ جس میں حیدرآباد ڈویژن، کراچی ڈویژن کے اہم مقامات شامل ہیں۔ گاڑیوں کی پارکنگ کی جن جگہوں کو نیلام کیا جائے گا ان میں کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ ریلوے اسٹیڈیم کے نزدیک، ہمپ یارڈ، سائٹ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک، بلدیہ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک، لیاری ریلوے اسٹیشن کے نزدیک اور حیدرآباد میں پلاٹ سی پر شامل ہیں۔ گودام کے لئے اراضی چار حیدرآباد میں اور 10 کراچی میں واقع ہیں۔