لاہور(اپنے نامہ نگار سے) ازبکستان کی پارلیمنٹ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسپیکر قانون ساز اسمبلی اولی مجلس، نورالدین اسمائیلوف کی قیادت میں تاریخی لاہور قلعہ کا دورہ کیا جبکہ وفد کا پرتپاک خیرمقدم صوبہ پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کیا،انہوں نے بتایا کہ لاہور قلعہ یونیسکو کے عالمی ورثہ میں شامل ہے، جو مغلیہ دور کے عظیم فن تعمیر، فنی ورثے اور برصغیر کی تہذیبی تاریخ کی زندہ علامت ہے۔رمیش سنگھ اروڑہ نے پنجاب حکومت کے مذہبی سیاحت کے فروغ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب، اسلامی، سکھ، بدھ مت اور ہندو مت کے اہم تاریخی و مذہبی مقامات کا حامل ہے۔