لاہور( جنرل رپورٹر ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) اور پنجاب حکومت نے منگل کے روز نوعمر طالبات کی صحت کے لیے لاہور کے سکولوں میں ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن برائے خواتین کے تحفظ اور بااختیاری کے تحت کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے پنجاب حکومت کے چار رکنی وفد نے چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے تعلیم مزمل محمود کی قیادت میں یو ایچ ایس کا دورہ کیا۔ وفد میں معیز نذیر ممبر بورڈ آف گورنرز پنجاب ایجوکیشن کریکلم ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی، شکیل اے بھٹی رکن سی ایم ایجوکیشن ایڈوائزری اور امتیاز شاہد ایڈیشنل پروگرام ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز پروگرام شامل تھے۔ وفد نے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور سے تفصیلی ملاقات کی۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔اس موقع پر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے یونیورسٹی کی جانب سے تیار کردہ گائیڈ لائنز پیش کیں جس میں 10 سے 19 سال کی طالبات کے لیے صحت کی تعلیم کے منظم ماڈیولز شامل ہیں۔