لاہور(خصوصی رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے)سموگ کے خاتمے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کا اہم اقدام60 ہزار سے زائد افراد نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے۔ سول ڈیفنس پنجاب کے رضاکار سموگ کے خلاف آگاہی مہم اور آپریشن میں مدد کریں گے۔ اسی حوالے سے محکمہ داخلہ میں پنجاب چیریٹیز کمیشن، سول ڈیفنس اور محکمہ ماحولیات کے اشتراک سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب بھر میں ماحول کے تحفظ کیلئے سرگرم تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سموگ کے خلاف آگاہی پھیلانے اور فیلڈ آپریشنز میں مدد بارے مربوط و منظم لائحہ عمل طے کیا گیا۔پنجاب کے اضلاع کی بات کی جائے تو رجسٹریشن میں گوجرانولہ پہلے، جہلم دوسرے اور فیصل آباد تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اور مختلف تعلیمی قابلیت کے افراد رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔