لبنان میں تعینات عالمی امن فوج کے دستوں پر اسرائیلی فوجی ڈرون سے دستی بم پھینکے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے لبنان میں تعینات عالمی امن دستے (UNIFIL) پر اس وقت حملہ کیا جب وہ اسرائیل اور لبنان کی سرحد کے قریب لبنانی فوج کے ساتھ کام میں مصروف تھے۔
عالمی امن دستے فائر بندی کے بعد جنگ زدہ علاقے میں لبنانی فوج کی معاونت کے لیے تعینات ہیں۔
امن دستے کی جانب سے حالیہ واقعے کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسرائیلی ڈرون نے ان پر 4 دستی بم پھینکے تاہم ان سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
عالمی امن فوج کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ ان کی جانب سے اس علاقے میں امن دستوں کی موجودگی کے حوالے سے اسرائیلی فوج کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا۔