کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی، اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور شہری جاں بحق ہوگیا، مقتول دکاندار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو سے اسلحہ چھین کر اس پر فائرنگ کرکے زخمی کر دیا ، رواں سال شہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 67 ہوگئی ، تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ خلیل مارکیٹ میں گیس سلنڈر کی دکان پر ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ایک اور شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا جس کی شناخت 35 سالہ نور عالم ولد شیر عالم کے نام سے کی گئی ، ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے خلیل مارکیٹ میں گیس سلنڈر کی دکان پر مسلح ملزمان ڈکیتی کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران دکاندار نور عالم نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا تاہم زخمی دکاندار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ملزم سے اسلحہ چھین کر اس پر فائرنگ کر دی جس سے ایک ڈاکو شدید زخمی ہوگیا،واقعے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ زخمی ڈاکو کو گرفتار کرکے ریسکیو ایمبولنس کے زریعہ زخمی دکاندار اور زخمی ڈاکو کو اسپتال منتقل کیا جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دکاندار نور عالم جاں بحق ہوگیا،جبکہ زخمی دکاندار کی شناخت عبدالرحیم کے نام سے کی گئی، پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول ، گولیاں اور 3 چلیدہ خول ملے ہیں ۔