کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) اے وی ایل سی نےبہادرآباد سے چھینا گیا پاکستان کیبل سے بھرا ٹرک برآمد کرلیا۔پولیس نے مقابلے کے بعد تین ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ترجمان اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کےمطابق اے وی ایل سی کو اطلاع ملی تھی کہ بہادرآباد سے پاکستان کیبل سے بھرا ٹرک چھین لیا گیا ہے۔وقوعہ کی اطلاع پر پولیس نے مختلف راستوں پر ناکہ بندی کر کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔پولیس نے ٹرک کو پاک کالونی کے علاقے جہان اباد قبرستان کے عقب سے برآمد کرکے تین ملزمان گرفتار کر لیا۔اس دوران دو ملزمان گھنی جھاڑیوں اور جنگل نما علاقے کا فائدہ اٹھا کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ چھینا گیا مزدا ٹرک نمبر JY-1755 لاہور سے کراچی آیا تھا۔ٹرک میں پاکستان کیبل کا تین سے چار ٹن وزنی رول لوڈ تھا۔کارساز پل کے قریب ڈرائیور کو اسلحے کے زور پر اغوا کیا گیا۔