کراچی( اسٹاف رپورٹر )اتحاد ٹاؤن کے علاقے میں بچوں کی لڑائی کے بعد دو گروہوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں دو راہگیر افراد جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود اتحاد ٹاؤن خیبر چوک کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں دو افراد جاں بحق ہو گئے جن کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت 30 سالہ حضرت خان ولد کتب دین اور 18 سالہ ابراہیم ولد عبدالحکیم کے ناموں سے ہوئی۔ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن( ر) فیضان علی نے بتایا کہ دونوں گروہوں میں بچوں کی لڑائی کے بعد مسلح تصادم ہوا،بچوں نے دو ٹک ٹاک گروپ 103 اور 113 کے نام سے بنا رکھے تھے۔ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ آفریدی قبیلے کے بچوں نے محسود قبیلے کے بچے پر تشدد کیا اور اس کی ویڈیو بھی بنائی جس پر ہفتہ کو محسود اور آفریدی قبیلے کا جرگہ طلب کیا گیا تھا جس پر دونوں جانب سے پہلے پتھرائو اورپھر فائرنگ کی گئی جس کی زد میں آ کر ایک چاول فروخت کرنے والا شخص اور دوسرا راہگیر جاں بحق ہوا،ان کا کہنا تھا کہ دونوں مقتولین کا مذکورہ جھگڑے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری واقع کی اطلاع ملتے ہی پہنچ گئی ہے۔واقعہ سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔