• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استاد محض معلمِ کتاب نہیں بلکہ معمارِ قوم ہے، خالد مقبول

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے یومِ تکریمِ اساتذہ کے موقع پر تمام معزز اساتذہ کرام کی علمی، اخلاقی اور تربیتی خدمات کو خراجِ تحسین و عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد محض معلمِ کتاب نہیں بلکہ چراغِ راہ اور معمارِ قوم ہے، جو جہالت کی تاریکیوں میں علم کی روشنی بکھیرتا ہے۔ قوم اپنے اساتذہ کی قربانیوں اور خدمات کی ہمیشہ قدردان و ممنون رہے گی، کیونکہ انہی کی بدولت علم کا چراغ فروزاں اور قوم کا مستقبل روشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی تعمیر و بقا اور تہذیبوں کی بلندی دراصل اساتذہ کے احترام اور علم کی حرمت سےوابستہ ہے۔ ہمارے اساتذہ کی شبانہ روز محنت، صبر، ایثار اور اخلاص کے طفیل طلبہ و طالبات نہ صرف علم و ہنر کے زیور سے آراستہ ہوتے ہیں بلکہ اخلاق و کردار کی بلندیوں سے آشنا ہو کر اپنے وطنِ عزیز کا نام روشن کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینِ اسلام نے استاد کو ’’روحانی والد‘‘ کا درجہ عطا کیا ہے، اور ہماری مشرقی روایات میں استاد کا احترام والدین کے احترام کے مترادف ہے۔

ملک بھر سے سے مزید