کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز (DGTO) نے شکایت کنندگان کی شکایات اور الزمات کومسترد کرتے ہوئے آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن (APCAA) کے انتخابی عمل کو شفاف اور درست قرار دیتے ہوئے ارشد خورشید کو منتخب چیئر مین قرار دے دیا ،اس سلسلے میں ڈی جی ٹی او نےکے جاری کردہ آرڈر نمبر 40 آف 2025 کے تحت مخالفین کے الزمات کو مسترد قرار دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ اشد خورشید کی تقرری کو چیلنج کرتے ہوئے متعدد شکایات دائر کی گئی تھیں۔ شکایت کنندگان میں یحییٰ محمد، زاہد بشیر، جنید سلطان، عرفان راشدی، عامر منشا، کامران الرحمٰن اور دیگر شامل تھے، انھوں نے انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کا الزام لگایا اور DGTO سے مداخلت کی درخواست کی تھی ۔تاہم، کیس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد DGTO نے تمام شکایات کو مسترد کر دیا اور واضح کیا کہ انتخابی عمل ٹریڈ آرگنائزیشنز رولز 2013کے مطابق مکمل طور پر شفاف اور درست طریقے سے منعقد ہوا تھا۔ حکم نامے میں تصدیق کی گئی ہے کہ مسٹر ارشد خورشید درست اور شفاف عمل کے ذریعے چیئرمین منتخب ہوئے اور ان کا عہدہ غیر متنازع ہے۔ دریں اثنا ارشد کورشید کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ APCAA کی قیادت میں وضاحت اور استحکام لائے گا، جو کہ پاکستان بھر کے کسٹمز ایجنٹس کی نمائندہ ایک اہم تنظیم ہے۔ شکایات کے اخراج سے یہ بات بھی ظاہر ہوتی ہے کہ DGTO طریقہ کار کی شفافیت برقرار رکھنے اور تجارتی تنظیموں میں منصفانہ نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔یہ فیصلہ APCAA کے اراکین کے اعتماد کو بحال کرنے اور کسٹمز ایجنٹس کے مفادات کے تحفظ میں ایسوسی ایشن کے کردار کو مزید مضبوط کرنے کا سبب بنے گا۔