کوئٹہ(خ ن)چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس روزی خان بڑیچ نے عدالتی نظام میں خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک اہم اور خوش آئند قدم اٹھایا ہے، چیف جسٹس بلوچستان کی قیادت میں حال ہی میں قائم کی گئی پنشن برانچ نے اپنی موثر اور تیز رفتار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ریٹائرڈ ملازم کو ریٹائرمنٹ کے صرف دس دن بعد تمام پنشن واجبات اور مراعات فراہم کر دیں۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں چیف جسٹس بلوچستان جسٹس روزی خان بڑیچ نے ریٹائرڈ ملازم کو ان کی طویل و مخلصانہ خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ اور تحفہ پیش کیا۔تقریب میں رجسٹرار عدالت عالیہ بلوچستان عبدالقیوم لہڑی و دیگر عدالتی افسران اور عملہ بھی موجود تھے۔چیف جسٹس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے ملازمین ہماری عدالتی مشینری کا اہم جزو ہیں۔