کراچی (اسد ابن حسن) وفاقی ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ منسٹری نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں چار اور آزاد جموں کشمیر میں ایک دانش اسکول تعمیر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مذکورہ پانچ اسکولوں کی تعمیری لاگت 10 ارب روپے سے زائد ہے۔ بلوچستان کے علاقے موسی خیل میں تعمیر ہونے والے اسکول کی تعمیری لاگت دو ارب 37 کروڑ ہے۔ ڈیرا بگٹی میں تعمیر ہونے والے اسکول کی لاگت ایک ارب 95 کروڑ ہے۔ سبی میں تعمیر ہونے والے اسکول کی لاگت دو ارب 12 کروڑ اور قلعہ سیف اللہ میں تعمیر ہونے والے اسکول کی لاگت ایک ارب 93 کروڑ ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے علاقے چاردہ نیلم وادی میں تعمیر ہونے والے اسکول کی تعمیر کی لاگت کا تخمینہ ایک ارب 82 کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔