کراچی (اسٹاف رپورٹر) کھیلوں میں بھارت کی گندی سیاست کا دائرہ دبئی سے کولمبو پہنچ گیا جہاں اتوار کو آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کے میچ میں بھارتی کپتان ہر من پریت کور نے بھی ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان فاطمہ ثناء سے ہاتھ نہیں ملایا۔ ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں نے پریزنٹرز سے گفتگو کی۔ پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا بات کرنے کے لیے آگے بڑھیں تو ہرمن پریت کور نے بھی اسپورٹس مین اسپرٹ کو پیروں تلے روندتے ہوئے مصافحہ کے لیے ہاتھ نہیں بڑھایا۔ ان کے اس انداز پر قومی کپتان بھی انہیں نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھ گئیں، بھارتی کپتان کے رویہ سے آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ بھی بھارتی سیاست سے آلودہ ہو گیا۔ یاد رہے کہ مردوں کے ایشیا کپ میں فائنل سمیت تینوں میچوں میں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے ٹاس کے بعد ہاتھ نہیں ملایاتھا، انہوں نے ایشین کر کٹ کونسل کے پاکستانی صدر محسن نقوی نے وننگ ٹرافی بھی وصول نہیں کی۔