لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم تین بار معاشی طور پر کریش کر چکے ، مزید غلطی کی گنجائش نہیں، پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پالیسیوں میں تسلسل اور اصلاحات پر مستقل مزاجی سے عمل درآمد ناگزیر ہے، اگر ہم کم از کم دس سال تک پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھیں اور تعلیم کے فروغ پر بھرپور توجہ دیں تو پاکستان دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہو سکتا ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ʼʼاڑان پاکستانʼʼویژن کے تحت ملک کو روشن مستقبل کی جانب لے جانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ʼʼگلوبل ایجوکیشن کانفرنس و انٹرنیشنل اسکول ایوارڈزʼʼ کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔