بھارتی اداکارہ و سیاستدان خوشبو سندر نے ذہانت پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے ان کی رسمی تعلیم سے جوڑنے کی کوشش پر ٹرولر کو کرارا جواب دیا۔
خوشبو سندر اداکارہ کے ساتھ ساتھ سیاست میں بھی سرگرم ہیں، انہوں نے ایک سیاسی پوسٹ کے بعد ایک ٹرولر کے تبصرے پر سخت ردِعمل دیا۔
ٹرولر نے نہ صرف ان کی تعلیم کا مذاق اُڑایا بلکہ یہ بھی کہا کہ وہ اپنے طنزیہ ٹوئٹس لکھنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا سہارا لیتی ہیں۔ خوشبو نے اس کا بھرپور جواب دیا اور کھل کر اپنی بات رکھی۔
خوشبو نے حال ہی میں ایک سیاسی رائے پوسٹ کی جس پر ایک ٹرولر نے طنز کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کیا تم واقعی طنزیہ ٹوئٹس لکھنا جانتی ہو یا چیٹ جی پی ٹی استعمال کر رہی ہو؟ ہمیں معلوم ہے تمہاری تعلیم صرف آٹھویں جماعت تک ہے۔
خوشبو نے اس تبصرے کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے جواب دیا کہ ذہانت تعلیمی نتیجے سے طے نہیں ہوتی۔ ذہانت اس سے ناپی جاتی ہے جو زندگی تمہیں سکھاتی ہے۔ ایک عظیم رہنما کامارجار بھی چوتھی جماعت سے آگے تعلیم حاصل نہیں کر سکے تھے بھائی۔ اپنی بات کہنے کے لیے مجھے چیٹ جی پی ٹی کی ضرورت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ خوشبو نے ممبئی کے سوامی مکتانند ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی، مگر اداکاری میں مصروفیت کے باعث وہ اپنی تعلیم مکمل نہیں کر سکیں۔
انہوں نے 1980 کی فلم ’’برننگ ٹرین‘‘ میں 10 سال کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ ڈیبیو کیا۔ بعد ازاں وہ نصیب، لاوارث، کالیا، درد کا رشتہ اور بے مثال جیسی فلموں میں نظر آئیں۔
بطور بالغ اداکارہ ان کی پہلی فلم 1985 میں ’میری جنگ‘ تھی، جس میں انہوں نے انیل کپور کی بہن کا کردار ادا کیا اور اسی سال جیکی شروف کے ساتھ جانو میں بھی نظر آئیں۔