پشاور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ کے مشیر احتشام علی نے محکمہ ایکسائز کے قلمدان کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ چارج سنبھالنے کے بعد اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز خالد الیاس، ڈی جی ایکسائز عبدالحلیم، ڈائریکٹرز اور متعلقہ ای ٹی اوز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مشیر ایکسائز کو محکمہ کی موجودہ صورتحال، جاری منصوبوں اور آئندہ اہداف سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سٹاف کے ساتھ تعارفی نشست بھی منعقد ہوئی جس میں باہمی تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی پر زور دیا گیا۔ مشیر ایکسائز کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ نے گزشتہ مالی سال میں اپنے محصولاتی اہداف کامیابی سے حاصل کئے اور موجودہ مالی سال کے اہداف کے حصول کیلئے بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔ اپنے خطاب میں مشیر ایکسائز احتشام علی نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کو بطور ٹیم آگے لیکر جانا ہے، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے عوامی خدمات کی ڈیجیٹائزیشن اور سہولیات کی آسان فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے ساتھ پیشہ ورانہ اور خوش اخلاق رویہ اپنایا جائے تاکہ عوامی اعتماد حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کی رجسٹریشن یقینی بنائی جائے۔ مشیر ایکسائز نے اعلان کیا کہ آئندہ دنوں میں محکمہ کے تمام سٹاف کا اجلاس طلب کیا جائیگا، جس میں انکے مسائل سنے اور حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سٹاف کے مسائل حل کرنے کے بعد عوامی مسائل پر توجہ دی جائے گی۔ محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے، اور نئی قیادت کے ساتھ اس مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائیگا۔