پشاور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے چکن گونیا کے مشتبہ کیسز کی اطلاع پر پشاور کے متاثرہ علاقے کے تقریباً دو درجن افراد سے نمونے لیکر تجزیئے کے لئے لیبارٹری بھجوا دیئے جبکہ ضلعی محکمہ صحت کو الرٹ جاری کر دیا ہے اور علاقے کی نگرانی شروع کر دی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق مشتبہ کیسز کے نمونے لئے گئے ہیں ضلعی محکمہ صحت کو تدارک کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ پراونشل ڈیسیز سرویلنس اینڈ رسپانس یونٹ بھی صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے تاہم ابھی تک کسی میں چکن گونیا کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور کو بھیجے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کر کے عملہ تعینات کیا جائے، ضروری ادویات کا سٹاک یقینی بنایا جائے، مچھروں کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، عوامی شعور اجاگر کرنے کا سلسلہ تیز کیا جائے۔ ضلعی محکمہ صحت سے رابطے کے لئے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کی سطح پر تین رکنی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں ایک ڈاکٹر، ایک سرویلنس افسر اور ایک انٹامالوجسٹ شامل ہیں، قومی ادارہ صحت کی ایڈوائزی پر عملدرآمد کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔