• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمقام آئی جی کی پشاور دھماکے میں زخمی اہلکاروں کی عیادت

پشاور(جنگ نیوز)قائم مقام آئی جی خیبر پختونخوا محمد علی بابا خیل نے گزشتہ شب تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود گڑھی قمر دین میں بارودی مواد کے دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ آئی جی پی لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور گئے، ایس ایس پی آپریشنز پشاور مسعود احمد بنگش اور ایس پی سٹی عتیق شاہ بھی انکے ہمراہ تھے۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی اہلکاروں اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کی اور انکی خیریت دریافت کی۔ آئی جی پولیس نے زخمی اہلکاروں کو پھولوں کے گلدستے اور کفالت کیلئے امدادی چیکس دیے اور انکی صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔ انہوں نے موقع پر موجود ڈاکٹروں سے بھی ملاقات کی اور زخمیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے آگاہی حاصل کی۔ آئی جی پی نے موقع پر موجود اعلیٰ پولیس افسران کو زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کرنے کے احکامات دیے۔قائم مقام آئی جی پی محمد علی بابا خیل نے کہا کہ غازی پولیس فورس کا اہم اثاثہ ہیں اور انکے علاج معالجے اور فلاح و بہبود کیلئے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور جلد ہی ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائیگا۔
پشاور سے مزید