• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقامی صنعتوں کیلئے بجلی ، گیس کی قیمتوں میں رعایت فراہم کی جائے، خواجہ محمد حسین

ملتان (سٹاف رپورٹر)ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے سابق صدر خواجہ محمد حسین نے کہا ہے کہ اگرچہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور ملکی معیشت کے استحکام پر درست طور پر زور دیا ہے، تاہم حالیہ دنوں میں مختلف صنعتوں کا بند ہونا اور کئی کاروباری اداروں کا اپنے آپریشنز محدود کرنا حکومت کے لیے انتہائی سنجیدہ اشارہ ہے کہ اب فوری اور عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شفافیت، سرمایہ کاروں کی سہولت کاری اور پائیدار مالی معاونت کے لیے کیے گئے اقدامات قابلِ تعریف ہیں، مگر مقامی صنعتوں کو درپیش حقیقی مسائل جیسے بلند پیداواری لاگت، بھاری ٹیکسوں، غیر مستقل توانائی پالیسیوں اور کاروباری ماحول میں غیر یقینی صورتحال کے حل کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔ خواجہ محمد حسین نے حکومت کو مشورہ دیا کہ مقامی صنعتوں کے لیے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں استحکام اور رعایت فراہم کی جائے، کاروبار دوست پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے تاکہ سرمایہ کار طویل المدتی منصوبہ بندی کر سکیںؤ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت فوری اصلاحات کے ذریعے کاروباری برادری کے اعتماد کو بحال کرے گی۔
ملتان سے مزید