• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرولیم مصنوعات ،بجلی کی قیمتوں میں اضافےپر مرکزی تنظیم تاجران کا اظہار تشویش

ملتان (سٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کااجلاس ہوا جس کی صدارت ضلعی صدر سید جعفر شاہ نے کی، اجلاس میں سٹی صدر خالد محمود قریشی، ریاض شاہین، مقصود قریشی اور رانا اویس سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، مہنگائی کی بلند شرح اور کاروباری سرگرمیوں میں کمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے ضلعی صدر سید جعفر شاہ نے کہا کہ پیٹرولیم اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے چھوٹے تاجروں، درمیانے کاروباری طبقے اور عام عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، قوتِ خرید ختم ہونے کے باعث منڈیوں میں خرید و فروخت نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سٹی صدر خالد محمود قریشی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرے، تاجروں اور عوام کو ریلیف دے اور ایسی پالیسیاں مرتب کرے۔اجلاس کے آخر میں شرکاء نے متفقہ قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تاجروں کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنے، کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرے اور معیشت کو استحکام دینے کیلئے عملی اقدامات کرے۔
ملتان سے مزید