کولمبو (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے بھارت کے ہاتھوں 88 رنز کی شکست کے بعد کھل کر میچ میں خامیوں کا اعتراف کیا۔ اتوار کو کھیلے گئے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ نے کہا کہ پاور پلے میں ہم نے بہت زیادہ رنز دیے، اختتامی اوورز میں بھی اضافی رنز کا نقصان ہوا۔ اگر ہم بھارت کو 200 سے کم پر محدود کر لیتے تو بہتر موقع ہوتا ، فاطمہ ثناء نے بیٹنگ پر بات کرتے ہوئے کہا ہماری بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہے، انہیں اب آگے بڑھ کر پرفارم کرنا ہوگا۔ کچھ میچز توقع کے مطابق نہیں گئے، لیکن ابھی ٹورنامنٹ میں بہت کچھ باقی ہے۔ ہمیں لمبی پارٹنرشپ پر توجہ دینی ہو گی، اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا ہو گا۔ انہوں نے اوپنر سدرہ امین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہماری ٹیم کی مین پلیئر ہے، وہ محنت کرتی ہے اور ان شاءاللہ آگے بھی اچھا پرفارم کرے گی۔ یاد رہے، بھارت نے اس میچ میں پاکستان کو 88 رنز سے شکست دی، اور ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کے خلاف اپنی مسلسل 12ویں فتح حاصل کی۔