کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ نےپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر فنانس ڈپارٹمنٹ کے پنشن اصلاحات سے متعلق نوٹیفکیشن کو مؤخر کرتے ہوئے سندھ ایمپلائز الائنس کے مطالبات پر کمیٹی قائم کر دی،کمیٹی میں فنانس، جنرل ایڈمنسٹریشن، آئی اینڈ سی، لا اور ڈائریکٹر بینیوولنٹ فنڈ کے سیکرٹریز شامل ہونگے، کابینہ نے کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کیلئے سرنڈر پالیسی، سال 2025 کی گندم ریلیز پالیسی کی منظوری دی، کابینہ نے 100 کلو گرام گندم 9500 روپے میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا، کابینہ نے تیل کمپنیوں سے انفراسٹرکچر سیس کی وصولی دوبارہ شروع کرنے، ایل بی او ڈی ملازمین کی ریگولرائزیشن کی منظوری دی گئی، کابینہ نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی میں کمپنیز ایکٹ کے تحت سیکشن 42 کمپنی کے قیام ، وفات کے سرٹیفکیٹ کے اندراج کی فیس ختم کرنے کی منظوری سمیت دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے۔یہ فیصلے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس کیا گیا۔ اجلاس وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا، جس میں صوبائی وزراء، مشیران، خصوصی معاونین، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر صوبائی کابینہ نے سرکاری ملازمین کے بینوولنٹ فنڈ کا نوٹیفکیشن مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔سندھ ایمپلائز الائنس نے 3 اکتوبر 2025 کو چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ کو مطالبات کا چارٹر پیش کیا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین کیلئے بینوولنٹ فنڈ صرف وفات یا معذوری کی بجائے ریٹائرمنٹ کے وقت بھی دیا جائے۔ کابینہ نے اس مقصد کیلئے ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا جس میں فنانس، جنرل ایڈمنسٹریشن، آئی اینڈ سی، لا اور ڈائریکٹر بینوولنٹ فنڈ کے سیکرٹریز شامل ہوں گے۔