اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات نے وزیر مواصلات اور وزارتِ مواصلات و نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے سینئر افسران کی اجلاس میں عدم حاضری پر گہری تشویش اور سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قائمہ کمیٹی ایک اہم پارلیمانی فورم ہے جو قومی مفاد کے مسائل کے حل اور عوامی خدمت کیلئے سرگرم عمل ہے،آئندہ چیئرمین این ایچ اے ناگزیر وجہ سے غیر حاضری کی کمیٹی کو پیشگی اطلاع دیں، چیئرمین کمیٹی سینیٹر پرویز رشید کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں متعلقہ وزارت اور اداروں کے غیر سنجیدہ رویئے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ چیئرمین این ایچ اے کسی ناگزیر وجہ سے غیر حاضر ہونے کی صورت میں کمیٹی کو پیشگی اطلاع دیں، یہ بھی ہدایت کی گئی کہ متعلقہ حکام کو اس اہم پارلیمانی فورم کے ساتھ عدم تعاون اور بے اعتنائی پر سخت ناپسندیدگی کا پیغام پہنچایا جائے، اجلاس میں سینیٹر جام سیف اللہ خان، نیاز احمد، کامل علی آغا، سیف اللہ ابڑو، دوست علی جیسر، محمد عبدالقادر اور ضمیر حسین گھمرو شریک تھے، سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کمیٹی کو بتایا کہ قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے تحت تشکیل دی گئی ذیلی کمیٹی کے کسی ایک اجلاس میں بھی وزارتِ مواصلات کے سینئر افسران شریک نہیں ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ بعض افسران اپنے اداروں میں موجود بڑی بے ضابطگیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔