لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب حکومت نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے معزز مہمانوں کی آئندہ 2025-26کے دوران جنوبی پنجاب میں آمد کے پیشِ نظر سخت اور جامع سیکیورٹی اقدامات نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یہ فیصلہ اسلام آباد میں قائم یو اے ای کے سفارتخانے کی باضابطہ درخواست کے بعد کیا گیا۔ اعلی سرکاری ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ یہ ہدایات یو اے ای کے سفارتخانے، وزیراعلیٰ آفس اور سنٹرل پولیس آفس (سی پی او) لاہور کے درمیان باضابطہ مراسلات کے ذریعے جاری کی گئیں، جن میں معزز مہمانوں کی آمد و رفت اور قیام کے دوران مربوط سیکیورٹی اور ادارہ جاتی رابطے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ یو اے ای کے سفارتخانے کے ناظم الامور محمد سلطان راشد الکعیطوب نے گزشتہ سیزن میں پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ آئندہ شکار سیزن میں بھی اسی نوعیت کا انتظام برقرار رکھا جائے۔سفارتخانے نے حکومت پنجاب سے درخواست کی کہ متعلقہ حکام کو نئے سیکیورٹی احکامات جاری کیے جائیں اور ایسے پولیس و محکمہ داخلہ پنجاب کے افسران بطور کوآرڈینیٹرز مقرر کیے جائیں جو پرندے (Houbara Bustard) کے مسکن علاقوں میں موجود رہ کر سیکیورٹی کی نگرانی کریں۔