کراچی(این این آئی) سمندری طوفان "شکتی نے سائیکلونک اسٹورم کی شکل اختیار کرلی تاہم اگلے 24گھنٹے میں مزید کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیاہے کہ سمندری طوفان "شکتی کی شدت میں کمی واقع ہوگئی ہے اور یہ اب "سائیکلونک اسٹورم کی شکل اختیار کرچکا ہے، طوفان اس وقت کراچی سے تقریبا 910 کلومیٹر جنوب مغرب میں موجود ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ "شکتی طوفان اگلے 24گھنٹوں میں مزید کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ سمندری ہوائیں 70سے 90کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جبکہ طوفان کے مرکز کے قریب ہوا کی رفتار 100کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ماہی گیروں کو 7اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔