کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کہا ہے کہ کراچی کی تباہی کی وجہ پیپلز پارٹی کی کرپشن اور جماعت اسلامی کی نااہلی ہے، میئر کراچی کی جانب سے جاری بیانات دراصل سیاسی اسٹیج سجانے اور اپنی ناکامی کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی پرانی روایت ہے۔ متحدہ کے ترجمان نے بہادرآباد مرکز سے جاری بیان میں میئر کراچی کے حالیہ بیان کو مضحکہ خیز اور حقائق سے عاری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن کے اپنے محکمے کچرے، ٹریفک اور پانی کے بحران میں ڈوبے ہوئے ہیں وہ ایم کیو ایم پر تنقید کر کے اپنی ناکامی نہیں چھپا سکتے،حقیقت یہ ہے کہ کراچی کی تباہ حالی کی ذمے دار پیپلز پارٹی کی 17سالہ کرپشن، جماعتِ اسلامی کی نااہلی اور موجودہ بلدیاتی ڈھانچے کی ناقص حکمت عملی ہے، ایم کیو ایم پر الزام تراشی اس لیے کی جا رہی ہے کہ عوامی حمایت اب بھی صرف ایم کیو ایم کے ساتھ ہے، اگر میئر صاحب واقعی عوامی خدمت کے جذبے سے کام کر رہے ہوتے تو آج شہر کے نالے ابل نہ رہے ہوتے، سڑکیں گڑھوں میں تبدیل نہ ہوتیں، اور کچرا کراچی کا تعارف نہ بنتا، عوام بخوبی جانتے ہیں کہ فوٹو سیشن اور پریس کانفرنسز سے مسائل حل نہیں ہوتے، عملی اقدامات اور شفاف نیت کی ضرورت ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کراچی کے موجودہ بلدیاتی نظام میں نیت کم اور نمائش زیادہ ہے، ایم کیو ایم وہ واحد جماعت ہے، جس نے ہمیشہ کراچی کے عوام کی خدمت کو سیاست پر ترجیح دی۔