کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان مبشر ہاشمی نے اپنے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ بھارت کی جارحانہ بیان بازی اور جنگی جنون پاکستان کو کیا حکمت عملی اپنانی چاہیے؟ جواب میں تجزیہ کار محمل سرفراز، سلیم صافی، سید محمد علی اور ارشاد بھٹی نے کہا کہ انڈین صحافیوں کے مطابق راج ناتھ سنگھ جیسے رہنما جو بیانات دے رہے ہیں وہ دراصل اپنی عوام کو خوش کرنے کے لیے ہیں کیونکہ انتخابات قریب ہیں۔ ان صحافیوں کا کہنا ہے کہ سنجیدہ حلقوں میں اس نوعیت کی بات نہیں ہو رہی البتہ سبکی مٹانے کے لیے ممکن ہے کابینہ میں رد و بدل کیا جائے اور بالخصوص جے شنکر کا متبادل لایا جائے۔ مئی کے بعد بھارتی فوج کو بھی شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے وہ پاکستان کے مقابلے میں نو گنا زیادہ دفاعی بجٹ حاصل کرتی ہے اس لیے اسے اس اخراجات کا جواز پیش کرنا ہوتا ہے اب وہ نہ صرف پاکستان بلکہ اپنی عوام اور امریکہ کے سامنے بھی دباؤ میں ہے کیونکہ امریکہ بھارت کو خطے میں چین کے مدِ مقابل کے طور پر دیکھتا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت اپنی خفت مٹانے کے لیے جارحانہ بیانات دے رہا ہے۔