کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں تنازع سنگین ہوتاجارہا ہے اور پی ٹی آئی طعنہ دے رہی ہے کہ سب نورا کشتی ہے،سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ تحریک انصاف اس لیے نورا کشتی کہہ رہی تاکہ لڑائی میں اضافہ ہو ، لڑائی سنجیدہ ہے،دفاعی تجزیہ کارایئر مارشل (ر) شہزاد چوہدری نےکہاکہ میں سمجھتا ہوں بھارت ایسا پاگل پن دوبارہ نہیں کرے گا۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں تنازع سنگین ہوتاجارہا ہے اور پی ٹی آئی طعنہ دے رہی ہے کہ سب نورا کشتی ہے۔ پیپلز پارٹی اراکین مریم نواز سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ صدر زرداری اور محسن نقوی کا رابطہ ہوا ہے ایوان صدر کی ایکس پوسٹ کے مطابق سندھ اور پنجاب کشیدگی پر بات ہوئی ہے اور وزیر داخلہ کو فوری طور پر کراچی طلب کرلیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نون لیگ کے قائد نوازشریف سے ملاقات کی جس میں دونوں پارٹیوں کی بڑھتی کشیدگی پر بات ہوئی جس پر وزیراعظم نے نوازشریف سے درخواست کی ہے کہ وہ معاملے کو ٹھنڈا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور مریم نواز کو قائل کریں کہ وہ نرمی اختیار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ساتھ مفاہمت کریں اور مریم نواز کو مصالحتی رویہ اختیار کرنے کا کہیں اور تنازع کو ختم کریں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اتحادی جماعتوں میں اتحاد برقرار رکھنا ضروری ہے۔ بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات دینے پر پاک فوج نے خبردار کیا ہے کہ اس دفعہ کسی بھی مس ایڈونچر کا نتیجہ بھارت کے لیے پہلے سے بھی زیادہ خطرناک ہوگا۔