اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ملائیشیا ئی ہم منصب انور ابراہیم سے ملاقات‘ دونوں رہنمائوں کی دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی تجدید‘دونوں ممالک کے درمیان تعلیم‘ سیاحت‘انسدادِ بدعنوانی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے مفاہمت کی 6یادداشتوں پر دستخط‘دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے تقریب میں شرکت کی جبکہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط تعلقات کو پائیدار شراکت داری میں بدلنے کے خواہاں ہیں ،کاروباری روابط دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں، مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا،نجی شعبہ اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے‘ملائیشیاکے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف جو ملائیشیا کے سرکاری دورے پر ہیں، نے پیرکو یہاں وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم سے ملاقات کی ‘پردانا پترا آمد پروزیر اعظم کے اعزاز میں سرکاری استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے بعد دونوں رہنماں کے درمیان ملاقات ہوئی، بعدازاں دونوں رہنماں نے وفود کی سطح پر ملاقات میں اپنے اپنے وفد کی قیادت کی ۔دونوں رہنماں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن ‘حلال انڈسٹری، آٹوموٹو، کنیکٹیوٹی، گرین انرجی، الیکٹریکل اور الیکٹرانک مینوفیکچرنگ، سیاحت، اعلی تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور زراعت جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں سمیت تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ فریقین نے پاکستان سے ملائیشیاکو حلال گوشت کی برآمدات کا کوٹہ 200 ملین امریکی ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔ملائیشیاکے وزیراعظم نے فلسطین تنازعے کے حل اور امن کے قیام کے لئے پاکستان کے تعمیری کردار بشمول صدر ٹرمپ کے حالیہ اقدام کو سراہا۔علاوہ ازیں پاکستان ملائیشیا بزنس اینڈ انوسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کاکہناتھاکہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں ،گلگت بلتستان ، ہنزہ ، نانگا پربت اور کے ٹو سمیت پاکستان کے دیگرسیاحتی مقامات دنیا کیلئے بڑی کشش رکھتے ہیں۔