کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے لوگ پنجاب حکومت کو پکار رہے ہیں لیکن وہاں حکومت کی ترجیحات فوٹو سیشنز اور دکھاوے تک محدود ہیں۔ خدارا کیمرے ایک طرف رکھ کر سیلاب متاثرین کی مدد کو پہنچیں۔ شرجیل میمن نے وزیر اطلاعات پنجاب کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی محرومیوں پر سیاست کرنا نہ صرف افسوسناک بلکہ انتہائی شرمناک رویہ ہے۔ ہمارا مطالبہ صاف اور سیدھا ہے کہ سیلاب متاثرین کی عملی مدد کریں، نہ کہ صرف بیانات دیں اور تصویریں بنوائیں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب میں نہ گھر بن رہے ہیں اور نہ ہی سیلاب متاثرین کو سولر پینل مل رہے ہیں، صرف بھاشن دیئے جا رہے ہیں، سندھ حکومت 21 لاکھ گھر بنا رہی ہے، متاثرہ خاندانوں کو سولر پینل دے رہی ہے، ہمارا کام ان کو کھٹکتا ہے۔