کراچی(اسٹاف رپورٹر) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کا اعلیٰ سطح اجلاس چیف کوآرڈینیٹر سید صدرالدین شاہ راشدی کی صدارت میں ہوا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکمرانوں کے اثاثوں اور کرپشن کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ان کااحتساب کیا جائے۔فوری طور پر کسانوں کے لئے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے، زرعی کھاد، بیج اور اسپرے کی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں، اور چاول سمیت تمام فصلوں کی سپورٹ پرائس کا بروقت اعلان کیا جائے۔ حکومت سندھ کے دیہی علاقوں میں زراعت کو تباہی سے بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر جامع زرعی پالیسی مرتب کرے۔ اجلاس میں مرتضیٰ خان جتوئی، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، لیاقت جتوئی، سید زین شاہ، ڈاکٹر صفدر عباسی، سردار عبدالرحیم سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک، بالخصوص سندھ کی موجودہ سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ رہنماؤں نے سندھ میں بگڑتی ہوئی معاشی حالت، بڑھتی ہوئی لاقانونیت، زرعی شعبے کی تباہ حالی اور عوامی مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ سندھ میں چاول کی پیداوار کے باوجود حکومت کسانوں اور ہاریوں کو ان کی فصلوں کے مناسب نرخ فراہم نہیں کر رہی، جس کی وجہ سے کاشتکار شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔