کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک ‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کہیں نہیں جائے گی ملک کی بہتری اتحاد کے تسلسل میں ہے لیڈرشپ آگے بڑھنے کا راستہ نکال لے گی۔ بلوم برگ کے مطابق پاکستان کے ڈیفالٹ کے خطرے میں نمایاں کمی آئی ہے۔ پاکستان میں بڑی بڑی غیر ملکی کمپنیاں کام بند کر کے جارہی ہیں اس سے متعلق ماہر معاشیات ڈاکٹر زبیر خان نے کہا کہ غیر ملکی کمپنیاں یہاں سے اس لیے جا رہی ہیں کیونکہ کاروباری ماحول بد سے بدتر ہوتا جارہا ہے اور معیشت میں استحکام قرضوں کے تسلسل سے ہے کارکردگی سے نہیں۔میزبان حامد میر نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تجارت اور معیشت کی بری خبریں ختم نہیں ہو رہیں،وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ مشکلات ضرور ہیں لیکن پیش رفت بھی ہوئی ہے مہنگائی کی شرح کم ہوئی، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا اور ڈیفالٹ رسک گھٹا ہے۔ڈاکٹر زبیر نے ای انوائسنگ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے چھوٹی کمپنیاں متاثر ہو رہی ہیں کیونکہ ان کے پاس مہنگے سافٹ ویئر کی سہولت نہیں۔میزبان حامد میر اپنے تجزیئے میں کہا کہ حکومت عالمی سطح پر تو خود کو اہم کھلاڑی سمجھتی ہے مگر معیشت اور تجارت کی بری خبریں ابھی ختم نہیں ہو رہیں۔حامد میر نے کہا کہ حکومت کہتی ہے پاکستان کو ااس وقت عالمی برادری فوکس کیے ہوئے ہے اور عالمی سطح پر بہت اہم کھلاڑی بن چکا ہے۔ دوسری طرف معیشت اور تجارت کی بری خبروں کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔