ابوظبی(سبط عارف)متحدہ عرب امارات میں کاروبار کے لئے قائم فری زونز سرمایہ کاروں اور نئی کمپنیوں کی سب سے بڑی ترجیح بن چکے ہیں۔ اماراتی وزارتِ معیشت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال 2025کے آغاز سے اب تک ملک میں جاری ہونے والے نئے تجارتی لائسنسوں میں سے 70فیصد فری زونز کے ذریعے جاری ئے گئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق، پہلے نو ماہ کے دوران 32ہزار سے زائد نئے لائسنس فری زونز میں رجسٹر ہوئے، جس کے بعد ملک بھر میں فری زونز کے کل فعال تجارتی لائسنسوں کی تعداد 2لاکھ 50ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ یہ متحدہ عرب امارات کے مجموعی لائسنسوں کا تقریباً 26فیصد بنتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ تجارتی سرگرمی دبئی کی فری زونز میں دیکھی گئی جہاں 1لاکھ 27ہزار فعال لائسنس رجسٹرڈ ہیں — جو کہ متحدہ عرب امارات کی فری زونز کے کل لائسنسوں کا 51فیصد ہے۔ دبئی کی فری زونز نے رواں سال کے دوران تمام نئے لائسنسوں میں سے 25فیصد حاصل کئے، جبکہ مجموعی طور پر 7فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر امارات میں بھی تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اماراتی ریاست راس الخیمہ میں فری زونز کے لائسنسوں میں سب سے زیادہ 47فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد کل تعداد 47ہزار سے بڑھ کر 62ہزار تک پہنچ گئی۔