کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو کی سفارش پر ڈاکٹر نگہت شاہ کوجناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا پرو وائس چانسلر تعینات کر دیا گیا ہے وہ اپنی ریٹائرمنٹ کی مدت 12 اگست 2026 تک پرو وی سی رہیں گی انھیں گزشتہ برس ہی پروفیسر مقرر کیا گیا تھا۔ نگہت شاہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی صاحبزادی ہیں۔ یونیورسٹی سے جاری بیان کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ ایک ممتاز معالج اور تعلیمی رہنما ہیں جو اس وقت جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے شعبۂ امراضِ نسواں و زچگی، وارڈ 9-B کی سربراہی کر رہی ہیں۔ وہ پاکستان کے پہلے سرکاری بانجھ پن کے علاج کے مرکز کی بانی بھی ہیں، جو خواتین کی صحت اور تولیدی طب کے میدان میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔