• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں ہونگے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد ( طاہر خلیل )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن نہ کرانے کیخلاف کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا،چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت 4 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی،فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، ممبران نثار درانی، شاہ محمد جتوئی اور بابر حسن بھروانہ نے جاری کیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں ہونگے، پنجاب میں کل سے حلقہ بندیوں کا آغاز کر دیا جائے گا ، حلقہ بندیوں کا عمل 2 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، حلقہ بندیاں مکمل ہونے پر الیکشن پروگرام کا اعلان کیا جائے گا،الیکشن کمیشن 2022 کے قانون کے تحت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرائے گا، آئین کے مطابق مقامی حکومتوں کے انتخابات لازم ہیں، پنجاب حکومت نے ہمیشہ مقامی حکومتوں کے انتخابات میں تاخیری حربے استعمال کیے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت نے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کرانے میں تاخیر کی، پنجاب میں بلدیاتی حکومتوں کی معیاد 31 دسمبر 2021 کو ختم ہوئی، پنجاب میں بلدیاتی قانون 5 مرتبہ تبدیل کیا گیا، مئی 2019 میں پنجاب میں مقامی حکومتوں سے متعلق دو قوانین لائے گئے، دسمبر 2021 میں پنجاب مقامی حکومت کا نیا آرڈیننس جاری کیا گیا، 24 جون 2022 کو پنجاب میں مقامی حکومت کا نیا قانون لایا گیا، 16نومبر 2022کو پنجاب میں مقامی حکومت کا پھر نیا قانون لایا گیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جون 2020میں حلقہ بندیاں شروع کیں، حلقہ بندیوں کا عمل پنجاب حکومت کی درخواست پر روک دیا گیا۔
ملک بھر سے سے مزید