کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو کی زیرِ صدارت محکمہ جامعات اور تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کا تین گھنٹے طویل اجلاس ہوا، جس میں محکمہ جامعات کی کارکردگی، تعلیمی بورڈز میں اصلاحات اور پیپرز کو ای مارکنگ سسٹم کے تحت کرانے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ میں ای مارکنگ سسٹم کا متعدد بورڈز نے پیپرز پر تجرباتی عمل شروع کردیا ہے، جبکہ نوابشاہ اور سکھر تعلیمی بورڈز نے تمام امتحانات کو ای پیپرنگ سسٹم اور آٹومیشن پر منتقل کردیا ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری جامعات محمد عباس بلوچ، چیئرمین انٹر بورڈ فقیر محمد لاکھو سمیت تمام بورڈز چیئرمینز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ فقیر محمد لاکھو نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد فیڈرل بورڈ کراچی بورڈ کو مفت میں سافٹ ویئر، ٹریننگ اور آئی ٹی سسٹم فراہم کر رہا ہے، کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ اور میرپور خاص بورڈز نے ایک ایک پیپر ای مارکنگ کے تحت لیا ہے، جبکہ لاڑکانہ بورڈ نے نویں اور گیارہویں جماعت کے پیپرز ای مارکنگ کے تحت منعقد کئے ہیں۔ وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ ای مارکنگ کے نفاذ سے سندھ میں امتحانی نظام میں شفافیت اور جدیدیت میں اضافہ ہوگا۔